لاہور کی اعظم کلاتھ مارکیٹ میں کروڑوں روپے کی بڑی چوری، تاجر برادری پریشان

شہر کی مصروف اور تاریخی اعظم کلاتھ مارکیٹ میں چوری کی ایک بڑی واردات سامنے آئی ہے، جس نے نہ صرف دکانداروں کو مالی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ سیکیورٹی کے نظام پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، چور مارکیٹ کی رات کے وقت بند دکانوں میں داخل ہوئے اور مختلف دکانوں کے تالے توڑ کر قیمتی سامان اور نقدی چوری کر لی۔

ذرائع کے مطابق، دکان نمبر 103 سے چور تقریباً 3 کروڑ 32 لاکھ روپے مالیت کی تجوری اپنے ساتھ لے گئے، جب کہ دکان نمبر 23 سے 47 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا سامان اور نقدی چرائی گئی۔ مجموعی طور پر چوری کی مالیت 3 کروڑ 79 لاکھ 50 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ چور انتہائی منظم طریقے سے واردات کر کے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، چور موٹر سائیکلوں پر آئے اور دکانوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے، اور تجوریاں نکال کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

متاثرہ دکانداروں نے حکومت اور پولیس سے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی کا یہی حال رہا تو کاروبار کرنا مشکل ہو جائے گا۔ شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں میں سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں