پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) نے پانچ سال کے وقفے کے بعد بالآخر برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ پروازیں 25 اکتوبر 2025 سے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے شروع ہوں گی، جن کی فریکوئنسی ہفتے میں دو بار، یعنی منگل اور ہفتہ ہوگی۔ اسلام آباد سے پرواز دوپہر 12 بجے روانہ ہوگی اور مانچسٹر شام 5 بجے پہنچے گی، جبکہ واپسی کی پرواز شام 7 بجے مانچسٹر سے روانہ ہو کر اگلی صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔ مستقبل قریب میں لندن اور برمنگھم کے لیے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔
برطانیہ کے شہری ہوا بازی کے ادارے نے PIA کو “فارین ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ” جاری کر دیا ہے، جو برطانیہ میں پروازوں کے لیے ضروری تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ PIA نے TCO اپروول، اور ACC3 سیکیورٹی و کارگو سرٹیفیکیشن بھی حاصل کر لی ہے، جس کے بعد نہ صرف مسافروں بلکہ کارگو کی ترسیل بھی ممکن ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ 2020 میں جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین نے PIA پر پابندی عائد کر دی تھی، جو اب جولائی 2025 میں ختم کر دی گئی ہے۔ اس پیشرفت سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر ایک بار پھر آسان، سستا اور تیز تر ہو جائے گا۔







