لاہور میں ای چالان نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی شروع

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اور ای چالان (e-challan) ادا نہ کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت وہ تمام گاڑیاں جن پر واجب الادا چالان موجود ہیں، انہیں سڑکوں پر روک کر ضبط (impound) کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر اسد واحد کی ہدایت پر شہر بھر میں خصوصی ریکوری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف چوراہوں، مارکیٹس اور سڑکوں پر چیکنگ کر رہی ہیں۔ اب تک سینکڑوں گاڑیاں ایسی پکڑی جا چکی ہیں جن پر کئی مہینوں سے ای چالان واجب الادا تھے۔

رپورٹس کے مطابق بعض گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں چالان موجود ہیں، جن کی مجموعی رقم لاکھوں روپے بنتی ہے۔ ایک کیس میں ایک موٹر سائیکل پر 313 ای چالان نکلے جن کی مالیت 3 لاکھ 35 ہزار روپے سے زائد تھی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اگر گاڑی مالکان وقت پر جرمانے ادا نہ کریں تو قانونی طور پر ان کی گاڑیاں نیلامی (Auction) کے لیے بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ PSCA یا لاہور ٹریفک پولیس کی ویب سائٹس کے ذریعے اپنی گاڑیوں کا ای چالان اسٹیٹس چیک کریں، اور واجب الادا جرمانے جلد از جلد ادا کریں، تاکہ گاڑی کی ضبطی یا دیگر قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں