پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کی سہولت کے لیے موبائل لیبارٹری سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب اپنے استعمال میں آنے والے دودھ کی کوالٹی اور خالص پن موقع پر ہی چیک کروا سکیں گے۔
موبائل لیب جدید آلات سے لیس ہے جو دودھ میں ملاوٹ، پانی کی مقدار، چکنائی اور دیگر کیمیکل اجزاء کی فوری جانچ کر سکتی ہے۔ اس سروس کا مقصد ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانا اور عوام میں خالص خوراک کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق موبائل لیب مختلف شہروں اور علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر جائے گی، اور شہری بغیر کسی فیس کے اپنا دودھ ٹیسٹ کروا سکیں گے۔ سروس کے اوقات اور مقامات کی تفصیلات فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز پر دستیاب ہوں گی۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور ملاوٹی دودھ کی نشاندہی میں فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔







