یونیورسٹی آف ٹوکیو، جاپان نے 2026 کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) – جاپان اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ ماسٹرز اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکالرشپ کے ذریعے اہل طلبہ جاپان میں مختلف شعبہ جات جیسے کہ ماحولیات، پبلک ہیلتھ، پالیسی اسٹڈیز، انجینئرنگ، اور بین الاقوامی ترقی جیسے مضامین میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، رہائش، میڈیکل انشورنس، ریسرچ اخراجات اور جاپان آنے جانے کا کرایہ بھی شامل ہے۔
درخواست دینے کے لیے امیدوار کا تعلق ADB کے رکن ترقی پذیر ممالک میں سے ہونا ضروری ہے، جیسے کہ پاکستان۔ درخواست دہندہ کے پاس کم از کم بیچلر کی ڈگری اور دو سال کا پیشہ ورانہ تجربہ ہونا چاہیے۔ عمر کی حد عام طور پر 35 سال ہے، اور درخواست دہندہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے ملک واپس جا کر کم از کم دو سال تک خدمات انجام دے۔ اسکالرشپ کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے، جبکہ کلاسز کا آغاز 1 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
یہ ایک سنہری موقع ہے اُن پاکستانی طلبہ کے لیے جو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے خواہاں ہیں لیکن مالی وسائل کی کمی کا سامنا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ٹوکیو دنیا کی اعلیٰ جامعات میں شمار ہوتی ہے، اور ADB-JSP اسکالرشپ ایک عالمی سطح پر معتبر اور مسابقتی پروگرام سمجھا جاتا ہے۔







