اقرار الحسن کا سیاست میں باضابطہ داخلہ — نئی جماعت کے قیام کا اعلان

پاکستان کے معروف تحقیقاتی صحافی اور اینکر پرسن اقرار الحسن نے باقاعدہ طور پر سیاست میں قدم رکھنے اور اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے اقرار الحسن نے کہا کہ ان کی جماعت کا مقصد پاکستان میں “عام آدمی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا” ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست چند خاندانوں اور شخصیات کے گرد گھومتی رہی ہے، جسے اب ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کی پارٹی ایک ایسی تحریک کے طور پر سامنے آئے گی جو میرٹ، اہلیت اور جمہوری اقدار پر مبنی ہوگی، جہاں قیادت سفارش یا وراثت کے بجائے انتخابی عمل سے سامنے آئے گی۔

اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ وہ خود کسی عہدے یا وزارت کے خواہاں نہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ ان کی پارٹی کے پلیٹ فارم سے نچلے طبقے اور مڈل کلاس کے لوگ آگے آئیں۔ ان کے مطابق اس سیاسی جماعت کا مقصد پاکستان میں “نوجوان قیادت کو ابھارنا” اور ملک میں ایک مثبت سیاسی تبدیلی لانا ہے۔

اگرچہ جماعت کا باضابطہ نام اور انتخابی نشان ابھی سامنے نہیں آیا، لیکن ان کے اس اعلان نے سوشل میڈیا پر بڑی بحث چھیڑ دی ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کے اقدام کو سراہا ہے، جبکہ بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نظریاتی طور پر یہ ایک حوصلہ افزا قدم ہے مگر عملی طور پر اسے کامیاب بنانا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں