پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 43 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے اضافہ

حکومتِ پاکستان نے عوام پر ایک اور مالی بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 43 پیسے فی لیٹرجبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی اور پورے ملک میں یکساں طور پر لاگو کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ روپے کی قدر میں کمی اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا تعین اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق اندرونِ ملک نرخوں کو ہم آہنگ رکھا جا سکے۔

دوسری جانب، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہوگی۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خور و نوش، بجلی اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عوامی حلقوں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیکسوں میں کمی اور سبسڈی کے اقدامات کے ذریعے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں