پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ساتھ جعلسازی، دھوکہ دہی اور غیر مجاز آن لائن سرمایہ کاری اسکیموں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) نے عوام کے تحفظ کے لیے ایک نیا اقدام اٹھاتے ہوئے “کرپٹو شکایتی سیل (Grievance Cell)” قائم کیا ہے۔ اس سیل کا مقصد کرپٹو صارفین کو ایک محفوظ اور بااعتماد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں وہ کسی بھی قسم کے فراڈ، جعلی ویب سائٹس، گمراہ کن اشتہارات یا غیر مجاز کرپٹو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف اپنی شکایات درج کر سکیں۔
شکایت درج کروانے کا طریقہ کار بھی آسان بنایا گیا ہے۔ صارفین pvara.gov.pk/grievance-cell پر جا کر آن لائن فارم کے ذریعے اپنی شکایت جمع کرا سکتے ہیں یا complaints@pvara.gov.pk
پر ای میل بھیج کر تفصیلات فراہم کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ شکایت کنندہ کو اپنی شناخت، متاثرہ ٹرانزیکشن کی تفصیلات، متعلقہ پلیٹ فارم یا شخص کا نام، اور اگر ممکن ہو تو اس سے متعلق شواہد یا اسکرین شاٹس بھی فراہم کرنے ہوں گے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ نظام اس وقت ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے، مگر جلد ہی مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے محفوظ استعمال کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا بلکہ جعل سازوں اور غیر قانونی کرپٹو پلیٹ فارمز کے خلاف مؤثر کارروائی بھی ممکن بنائی جا سکے گی۔
یہ اقدام پاکستان کی ڈیجیٹل فنانس ریگولیشن کی تاریخ میں ایک مثبت پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جو مستقبل میں ملک میں کرپٹو کرنسی کے باضابطہ اور محفوظ فروغ کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔







