پاکستان انجینئرنگ کونسل کا نیا “گریجویٹ انجینئر ٹرینی پروگرام” لانچ

پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) نے تازہ گریجویٹ انجینئرز کے لیے ایک نیا اور اہم منصوبہ “گریجویٹ انجینئر ٹرینی (GET) پروگرام” کے نام سے شروع کیا ہے، جس کا مقصد انجینئرنگ کے طلبا کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے، بالکل اسی طرح جیسے ڈاکٹر حضرات اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہاؤس جاب کے ذریعے تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت انجینئرز کو صنعتوں، تعمیراتی اداروں اور انجینئرنگ پروجیکٹس میں مقرر کیا جائے گا تاکہ وہ عملی میدان میں کام کا تجربہ حاصل کر سکیں۔
یہ تربیتی پروگرام تقریباً پانچ سے چھ ماہ پر مشتمل ہوگا، جس دوران شرکت کرنے والے انجینئرز کو ماہانہ وظیفہ (stipend) بھی دیا جائے گا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کی تھیورٹیکل تعلیم اور فیلڈ ورک کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنا ہے تاکہ فارغ التحصیل نوجوان انجینئرز نوکری کے لیے زیادہ اہل اور تجربہ کار بن سکیں۔
پی ای سی نے اس پروگرام میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں اداروں کو بطور میزبان (Host Organizations) شامل ہونے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ نئے انجینئرز کو تربیت فراہم کریں اور ان کی رہنمائی کریں۔ صرف وہی گریجویٹ انجینئرز درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو پی ای سی سے رجسٹرڈ ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبے کے معیار کو بہتر بنانے، نوجوان انجینئرز کو عملی میدان کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے، اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں