پنجاب حکومت نے قیدیوں کی ہنر مندانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں معاشرتی بحالی کے قابل بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات کو آن لائن فروخت کیا جائے گا۔ یہ اقدام “Hunarmand Aseer Programme” کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد قیدیوں کو مہارت سکھانا اور انہیں ری ہیبلیٹیشن کے ذریعے معاشرے میں باعزت مقام دلانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت جیلوں میں قیدی مختلف قسم کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جن میں قالین، فرنیچر، ایل ای ڈی بلب، جوتے، کپڑے، صابن، ٹائلز اور دیگر ہنرمندانہ اشیاء شامل ہیں۔
قیدیوں کو نہ صرف روزگار کی تربیت دی جا رہی ہے بلکہ انہیں بٹوے کی سلائی، موٹرسائیکل مکینکس، الیکٹرک ورک، ہنڈی کرافٹس اور دیگر ہنروں میں بھی مہارت دی جا رہی ہے تاکہ وہ جیل سے رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت روزگار اختیار کر سکیں۔ ان مصنوعات کو عام صارفین تک پہنچانے کے لیے Daraz کے آن لائن پلیٹ فارم کے ساتھ ساتھ ایک مخصوص ویب سائٹ prisonstore.com.pk بھی تیار کی گئی ہے، جس کے ذریعے قیدیوں کی محنت اور ہنر دنیا بھر کے صارفین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اس اقدام سے نہ صرف قیدیوں کو اپنی محنت کا مناسب معاوضہ حاصل ہوگا بلکہ وہ اپنے خاندان کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے، جس سے ان کی زندگیوں میں خوداعتمادی اور معاشرتی وابستگی میں اضافہ ہوگا۔ حکومت کا یہ اقدام معاشرتی بحالی، ہنر کی ترقی اور قیدیوں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کے حوالے سے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، اور امید ہے کہ اس سے قیدیوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔







