اسلام آباد میں ٹریفک اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شہر بھر میں ایم ٹیگ ریڈرز اور جدید کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ یہ نظام سیف سٹی اسلام آباد کے ساتھ منسلک ہے، جس کا مقصد گاڑیوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنا، سکیورٹی کو بہتر بنانا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد کے 11 اہم مقامات پر ایم ٹیگ ریڈرز لگائے گئے ہیں، جبکہ مختلف داخلی اور حساس مقامات پر نگرانی کے کیمرے بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ ان مقامات میں فیض آباد، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ، نائنتھ ایونیو، مری روڈ، بھارہ کہو، اور شہر کے دیگر داخلی راستے شامل ہیں۔
یہ نظام گاڑیوں پر نصب ایم ٹیگ اور نمبر پلیٹس کو خودکار طریقے سے اسکین کرتا ہے۔ اگر کسی گاڑی پر ایم ٹیگ موجود نہ ہو یا ڈیٹا میں تضاد پایا جائے تو متعلقہ اداروں کو فوری الرٹ موصول ہو جاتا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف مشکوک گاڑیوں کی نشاندہی ممکن ہو گی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر بنائی جا سکے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر بروقت ایم ٹیگ نصب کروائیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ اسلام آباد کو ایک محفوظ اور جدید اسمارٹ سٹی بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔







