پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا صارفین کو آن لائن سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر باضابطہ طور پر خبردار کیا ہے کہ ملک میں سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق جعلساز عناصر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی اکاؤنٹس، فرضی قرعہ اندازیوں، انعامی اسکیموں اور سرکاری اداروں کے نام سے بنائے گئے پیجز کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ایسے جعلی پیغامات میں اکثر مشکوک لنکس شامل ہوتے ہیں، جن پر کلک کرنے سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا، بینک تفصیلات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ پیغام، ای میل یا لنک پر اعتماد نہ کریں، اپنی ذاتی معلومات اور ون ٹائم پاس ورڈز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور صرف سرکاری و مستند ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر ہی عمل کریں۔ مزید برآں، مشتبہ سرگرمی یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں یا سائبر کرائم ونگ کو رپورٹ کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے نقصان سے بچا جا سکے۔







