پولیس نے سوشل میڈیا پر ویوز، لائکس اور شہرت حاصل کرنے کے لیے فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانا سنگین جرم ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس طرح کی فیک نیوز نہ صرف عوام میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیلاتی ہیں بلکہ ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں، جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ، اشتعال انگیز یا گمراہ کن معلومات شیئر کرنے والے افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو آگے پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کریں، جبکہ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ فیک نیوز یا مشتبہ مواد نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔







