بھارت میں نیپا وائرس پھیل گیا، صحت حکام ہائی الرٹ

بھارت میں نیپا وائرس کے پھیلاؤ نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جس کے بعد مرکزی اور ریاستی صحت حکام نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے کچھ علاقوں میں نیپا وائرس کے متعدد مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں طبی عملے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ متاثرہ مریضوں کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے قریبی رابطوں میں آنے والے درجنوں افراد کو قرنطینہ میں رکھ کر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

نیپا وائرس ایک انتہائی خطرناک اور مہلک بیماری ہے جو عموماً پھل کھانے والی چمگادڑوں یا متاثرہ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ وائرس انسان سے انسان میں بھی منتقل ہو سکتا ہے، خاص طور پر اسپتالوں اور قریبی رابطے کی صورت میں۔ اس بیماری کی علامات میں بخار، سر درد، سانس لینے میں دشواری، ذہنی الجھن اور دماغی سوزش شامل ہیں، جبکہ شدید کیسز میں اموات کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ نیپا وائرس کی کوئی مخصوص ویکسین یا مکمل علاج تاحال دستیاب نہیں، اسی لیے احتیاط ہی واحد مؤثر طریقہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں اسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، اسکریننگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی مشتبہ علامت کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔ حکام کے مطابق صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں