ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا اور چونکا دینے والا قدم سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا کمپنی Meta Platforms نے ایسا مصنوعی ذہانت (AI) پیٹنٹ حاصل کیا ہے جس کے تحت صارفین کے ڈیٹا، ویڈیوز، آواز اور تحریروں کی مدد سے ان کا ڈیجیٹل ورژن تیار کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی شخص دنیا میں نہ بھی رہے تو اس کا AI ماڈل اس کے انداز میں پیغامات پوسٹ کر سکے، سالگرہ کی مبارکباد دے سکے یا مخصوص مواقع پر خودکار پیغامات شیئر کر سکے۔ اس فیچر کو مستقبل میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے Facebook اور Instagram پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی جہاں ایک طرف یادوں کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بن سکتی ہے، وہیں اس سے اخلاقی اور قانونی سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔ کیا کسی شخص کی اجازت کے بغیر اس کا ڈیجیٹل ورژن استعمال کیا جا سکتا ہے؟ کیا ورثا کو اس پر کنٹرول حاصل ہوگا؟
میٹا کی جانب سے فی الحال اسے ایک تحقیقی اور مستقبل کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم سوشل میڈیا کے بدلتے رجحانات کو دیکھتے ہوئے ماہرین اسے ڈیجیٹل دنیا میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔







