ٹو يوٹا پاکستان نے اپنی مقبول ترین ایس یو وی فورچیونر کی غیر معمولی مانگ کے پیشِ نظر نئی بکنگ عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق فورچیونر کے مختلف ویرینٹس کے لیے دستیاب تمام یونٹس مقررہ مدت میں مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں، جس کے باعث مزید آرڈرز لینا ممکن نہیں رہا۔ فورچیونر کو پاکستان میں اس کی مضبوط باڈی، جدید فیچرز، آرام دہ ڈرائیونگ اور آف روڈ صلاحیتوں کی وجہ سے خاصی مقبولیت حاصل ہے، جس کے باعث ہر نئی آفر یا محدود اسٹاک فوری طور پر فروخت ہو جاتا ہے۔
حالیہ دنوں میں صارفین کی جانب سے فورچیونر میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں بکنگ کا دباؤ بڑھ گیا اور کمپنی کو بروقت ڈیلیوری یقینی بنانے کے لیے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ ٹیوٹا پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنے اور بروقت گاڑیوں کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے۔ کمپنی مستقبل میں پیداوار اور دستیابی کا جائزہ لے کر نئی بکنگ کے دوبارہ آغاز سے متعلق اعلان کرے گی، جبکہ گاڑی کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ معلومات کے لیے ٹیوٹا کے مجاز ڈیلرز اور سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔







