مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کئی ممالک کی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان سے آنے جانے والی کم از کم 116 پروازیں متاثر ہو گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور دیگر ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث مختلف ایئر لائنز کو اپنے فلائٹ آپریشن میں تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں۔ متاثرہ پروازوں میں قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) سمیت متعدد غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں بھی شامل ہیں جو متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت کے لیے روانہ ہونا تھیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق صورتحال معمول پر آنے تک پروازوں کے شیڈول میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پرواز کے بارے میں متعلقہ ایئر لائن سے معلومات ضرور حاصل کریں۔







