اسلام آباد: حکومت پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر ایندھن بچانے کے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو ملک میں پیٹرول کی قیمت 350 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق ایندھن کی بچت کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں جن میں سرکاری اداروں میں ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانا، دفتری اوقات میں کمی اور غیر ضروری سفر کو محدود کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو بھی کم کرنے اور توانائی کی بچت کے دیگر اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ملک میں پیٹرول کی کھپت کو کم کرنا اور معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اگر پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو حکومت جلد ہی ایندھن بچت سے متعلق باقاعدہ پالیسی کا اعلان کر سکتی ہے تاکہ عوام اور معیشت پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جا سکے۔







