پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں مارننگ اسمبلیوں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکولوں میں طلبہ کو صبح کے وقت کھلے میدان یا ہال میں اکٹھا کرنے کے بجائے براہِ راست کلاس رومز میں بھیجا جائے گا تاکہ بڑے اجتماعات سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے سکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ اداروں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے اور سکیورٹی گارڈز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع دینے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے اور جب سکیورٹی صورتحال بہتر ہو جائے گی تو مارننگ اسمبلیوں کی بحالی کے بارے میں دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔







