حکومت نے سوشل میڈیا پر اسمگل شدہ سامان کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غیر قانونی اشیا کی تشہیر اور فروخت کی کڑی نگرانی کی جائے۔ اسمگل شدہ موبائل فونز، الیکٹرانکس، کاسمیٹکس اور دیگر مہنگی اشیا آن لائن فروخت کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اسمگل شدہ سامان کی فروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ مقامی صنعت اور قانونی کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ منصوبے کے تحت ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، غیر قانونی سامان ضبط کیا جائے گا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایسے اکاؤنٹس بند کرانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی تجارت کا خاتمہ، ٹیکس نظام کو مؤثر بنانا اور صارفین کو جعلی و غیر معیاری مصنوعات سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سستے داموں دستیاب مشکوک اشیا خریدنے سے گریز کریں اور غیر قانونی کاروبار کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔







