یوٹیوب کا بڑا ایکشن: جعلی اے آئی فلمی ٹریلرز بنانے والے بڑے چینلز بند

یوٹیوب کی جانب سے جعلی اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ فلمی ٹریلرز کے خلاف حالیہ کارروائی کو ایک بڑا اور فیصلہ کن قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے ان چینلز کو مستقل طور پر بند کیا جو مشہور فلموں اور ویب سیریز کے نام پر ایسے ٹریلرز اپ لوڈ کر رہے تھے جو بظاہر اصل لگتے تھے، مگر حقیقت میں وہ اے آئی کی مدد سے تیار کیے گئے فین میڈ یا فرضی ویڈیوز تھیں۔ ان چینلز میں اسکرین کلچر اور کے ایچ اسٹوڈیو جیسے بڑے نام شامل تھے، جن کے ویڈیوز کروڑوں افراد دیکھ چکے تھے اور کئی بار یہ جعلی ٹریلرز سرچ رزلٹس میں اصل آفیشل ٹریلرز سے بھی اوپر آ جاتے تھے۔

یوٹیوب انتظامیہ کے مطابق یہ چینلز جان بوجھ کر گمراہ کن عنوانات، تھمب نیلز اور تفصیلات استعمال کر رہے تھے تاکہ ناظرین یہ سمجھیں کہ یہ کسی بڑی فلم یا اسٹوڈیو کا آفیشل ٹریلر ہے۔ اس عمل سے نہ صرف صارفین دھوکے میں آ رہے تھے بلکہ فلمی اسٹوڈیوز کے کاپی رائٹ اور ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا تھا۔ اس سے قبل یوٹیوب نے ان چینلز کو وارننگ دی، اشتہارات بند کیے اور واضح ہدایات جاری کیں کہ اے آئی سے تیار کردہ مواد کو واضح طور پر “فین میڈ” یا “غیر سرکاری” قرار دیا جائے، تاہم ہدایات پر عمل نہ کرنے پر چینلز کو بند کر دیا گیا۔

یہ کارروائی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ اگرچہ یوٹیوب اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف نہیں، مگر دھوکہ دہی، غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ مستقبل میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے، جہاں اے آئی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں